فاراڈ مارکٹ: جرمنی میں استعمال شدہ سائیکلوں کی مارکیٹس

فاراڈ مارکٹ: جرمنی میں استعمال شدہ سائیکلوں کی مارکیٹس

    by -
    2 99

    اکثر یورپی ملکوں کی طرح سائیکلنگ جرمنی میں بھی عام ہے۔ لوگ آفس یا کہیں آنے جانے کے لیے سائیکل کا کافی استعمال کرتے ہیں۔ سائیکل والوں کے لیے ہر سڑک پر خصوصی لین موجود ہوتی ہے یا پھر علیحدہ سے ایک ٹریک۔

    یہاں شاپنگ سنٹرز ہوں، شہر کا مرکز ہو یا سیاحت کے حوالے سے کوئی اہم جگہ، سائیکلوں کو پارک کرنے کے لیے خصوصی جگہیں موجود ہوتی ہیں اور اکثر آپ کو بھری ہوئی ملتی ہیں۔

     نئی سائیکلوں کی دکانیں بھی آپ کو جا بہ جا ملیں گی مگر یہاں قیمتیں اکثر کئی سو یوروز میں ہوتی ہیں۔ مثلاً پاکستانی روپوں میں آپ کو یہاں 25، 30 ہزار سے لے کر ڈیڑھ دو لاکھ یا اس سے بھی کہیں زیادہ مہنگی سائیکلیں ملیں گی۔ مگر کیا آپ اتنی مہنگی سائیکل خریدیں گے؟ یہاں بھی اکثر لوگ نہیں خریدتے۔

    اس کا حل سائیکلنگ کے دلدادہ افراد کی طرف سے بنائی جانے والی ایک تنظیم نے نکالا ہے۔ ADFC  نامی یہ تنظیم ہر ہفتے کے روز مختلف شہروں میں استعمال شدہ سائیکلوں کی خریدو فروخت کے لیے مارکیٹس لگاتی ہے جنہیں جرمن زبان میں فاراڈ مارکٹ کہا جاتا ہے یعنی سائیکل مارکیٹ۔

    بون شہر میں ہر مہینے کے دوسرے ہفتے کے روز بون یونیورسٹی کی مرکزی عمارت کے سامنے فاراڈ مارکٹ لگتی ہے۔ خریدنے کے علاوہ یہاں آپ اپنا استعمال شدہ سائیکل فروخت کر سکتے ہیں۔ صرف اپنا شناختی کارڈ آپ کو اپنے ساتھ رکھنا ہوگا۔ 

    اس مارکیٹ کا انتظام کرنے والی تنظیم ADFC کے نمائندے ہر فروخت کرنے والے کا شناختی کارڈ دیکھتے ہیں اور اپنی ڈیٹا بیس سے چیک کرتے ہیں کہ فروخت کے لایا جانے والا سائیکل چوری کا تو نہیں۔ اس کے بعد فروخت کرنے والا اور خریدنے والا سودا کرنے میں آزاد ہوتے ہیں۔

    ADFC کے ایک کارکن کے مطابق، ’’ یہ پرائیویٹ لوگوں کی طرف سے لگائی جانے والی مارکیٹ ہے اور یہاں پرائیویٹ لوگ ہی اپنی سائیکل کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔ ہاں صرف یہ ہے کہ یہ تنظیم اس سارے عمل کی نگرانی کرتی ہے۔ تاکہ لوگوں کو آسانی فراہم کی جا سکے۔‘‘

    فاراڈ مارکٹ میں آپ کو 25،30 یورو سے لے کر 150 یورو تک بہت ہی اچھی سائیکل مل جاتی ہے۔ خریدنے سے پہلے آپ سائیکل کو چلا کر چیک بھی کر سکتے ہیں۔

    اگر سائیکل کے حوالے سے کوئی مشورہ آپ کو چاہیے تو ADFC کے ممبران آپ کی مدد کے لیے موجود ہوتے ہیں۔

    اس مارکیٹ میں آپ سائیکلوں کے علاوہ ان کے پُرزے اور دیگر چیزیں بھی خرید سکتے ہیں۔

    ADFC جرمنی کے 450 سے زائد شہروں میں فاراڈ مارکٹس لگاتی ہے۔ 

    کیا پاکستان میں بھی ایسی کوئی تنظیم بن سکتی ہے؟  تاکہ وہاں بھی سائیکل چلانے کے کلچر کو فروغ مل سکے۔

    Afsar Awan
    Afsar Awan is multimedia Journalist, writer and hobby photo & videographer.

    2 COMMENTS

    Leave a Reply